حیدریہ ٹرسٹ رجسٹرڈ پشاور کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم ترین اجلاس — ایامِ عزائے حسینی کے بہترین اور پرامن اختتام پر کلماتِ تشکر و اطمینان کا اظہار — اجلاس میں متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے
حیدریہ ٹرسٹ رجسٹرڈ پشاور کی معزز ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک اہم ترین اجلاس گذشتہ دنوں ٹرسٹ کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا اجلاس میں متعدد انتظامی اور فلاحی امور پر غور و خوص کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس امر پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ الحمدللہ ایامِ عزائے حسینی پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ بخیر و خوبی تکمیل پا گئے ہیں اور جملہ ملکی، صوبائی اور مقامی اداروں نے عزاداران امام مظلومؑ کو ہر ممکن حد تک سہولیات و معاونت فراہم کیں۔ بالخصوص مذہبی و ملی قومی اداروں، منتظمین و متولیان نے بہترین انداز میں خدمات سرانجام دیں جبکہ ٹرسٹ ہذا کے ذیلی ملحقہ خدمتی ادارہ عزا انجمن خدام عزا پشاور کی جانب سے بھی روزِ اول محرم سے تا تکمیل ایامِ عزا 8 ربیع الاول نشر و اشاعت و فراہمی سہولیات کی خدمات بھرپور انداز میں پیش کیں۔
اجلاس میں ایامِ عزا کے دوران جملہ مرحومین کے ایصالِ ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اور پسماندگان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی، اس موقع پر خصوصی طور ایک قراردادِ تعزیت میں ٹرسٹ ہذا کی بانی رکن جناب کربلائی ملک سلطان محمد خان بنگش اعلیٰ اللہ مقامہ کی المناک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ان کی ٹرسٹ ہذا کیلئے بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور بلندی درجات کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ٹرسٹ ہذا کے ایک اور مربی و سابق مینیجنگ ٹرسٹی جناب مرزا بشارت احمد بیگ کی ہمشیرہ محترمہ کی وفات پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحومہ مغفورہ کے ایصالِ ثواب کیلئے خصوصی دعائے مغفرت کی گئی جملہ شرکائے اجلاس نے جناب محترم مرزا بشارت احمد بیگ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اجلاس میں تعلیمی و فلاحی معاونت کی متعدد درخواستوں پر غور و خوص کے بعد منظوری دی گئی جن میں خصوصی طور پر تعلیمی معاونت، طبی معاونت (خصوصی علاج) اور سامانِ جہیز کی فراہمی کی درخواستیں شامل تھیں۔
عسکری بینک اکاؤنٹ نمبر: IBAN PK79ASCM 0000-1416-5050-1254 — ایزی پیسہ اکاؤنٹ نمبر: +923186266477

حیدریہ ٹرسٹ کا کام آپ جیسے مخیر حضرات کے تعاون سے چلتا ہے۔ عطیہ دیجیے۔
